کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکو گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے احسن آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران گولیاں لگنے سے 2 ڈاکو زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزموں کی شناخت عبدالغفار اور اویس کے ناموں سے ہوئی، پولیس نے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں مین روڈ شیر شاہ سوری پر 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے کہ اس دوران شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی، شاہین فورس نے ملزموں کا تعاقب کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

مقابلے کے دوران وہاں موجود شہریوں کی مدد سے ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کو لوگوں نے زدوکوب کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے عوام سے بچا کر ہسپتال منتقل کر دیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت تیمور ولد ایوب کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے ایک عدد ٹی ٹی پسٹل لوڈ میگزین، تین عدد موبائل فون، تین عدد شہریوں سے چھینے ہوئے پرس برآمد کر لیے گئے، ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں