لاہور اور راولپنڈی میں کارروائیاں، 4 ملزم گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور اور راولپنڈی میں پولیس نے کارروائیاں کر کے 4 خطرناک ملزموں کو حراست میں لے لیا جبکہ 2 فرار ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مجاہد سکواڈ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر محمود بوٹی کے علاقے میں اسلحے کی سپلائی میں ملوث ملزموں کیخلاف کارروائی کر کے تین کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق ناکہ پر موجود جوانوں نے مشکوک گاڑی کو چیک کیا تو اس میں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزم اور اسلحے کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے تھانہ ویسٹریچ کے قریب پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

گرفتار ہونے والا ملزم ایس ایچ او انسپکٹر زاہد ظہور اور ٹیم پر فائرنگ میں بھی ملوث ہے، ملزم پر قتل، منشیات فروشی و دیگر سنگین مقدمات درج ہیں، فرار ملزموں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں