پولیس کی کراچی اور حیدر آباد میں کارروائیاں، ایک زخمی سمیت 7 ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں کارروائیاں کر کے ایک زخمی سمیت 7 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں گٹکے کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ملزموں کیخلاف کارروائی کر کے 5 افراد کو حراست میں لے لیا، کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او جیکسن محمد سعود اور ایک اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کلفٹن میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے سامان چوری کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزم سے چوری کیا گیا سامان برآمد کر لیا جس میں ہارڈ ڈرائیو ،کمپیوٹرز اور دیگر قیمتی چیزیں شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا ہے کہ ملزم حسن برانچ میں عمارت کی تعمیرات کیلئے مزدوری کرنے آیا تھا، اس نے سکول بیگ میں چوری شدہ سامان چھپایا، برآمد سامان ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے عملے کے حوالے کیا جائے گا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے وادھوواہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کی شناخت حزب اللہ کے نام سے ہوئی جو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں