کراچی: بھتہ خوری ، ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 انتہائی مطلوب ملزم گرفتار
کراچی: (دنیانیوز) سندھ رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے انٹیلی جنس بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گذری کے علاقے سے بھتہ خوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین انتہائی مطلوب ملزم گرفتار کرلیے ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ و ایمونیشن ، موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ، ملزم حمید اللہ عرف ٹڈا نے جون 2024میں بھتہ وصولی کے لئے ایک بھتہ خور گروپ تشکیل دیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے 9جون 2024 کو میوزک کمپوزر اور گلوکار ذیشان شہزاد عرف شانی کو ایک گفٹ بھجوایا، گفٹ کے اندر 2عدد راؤنڈ، اُس کے بیٹے کی تصویر اور بھتے کی پرچی تھی ، ملزمان نے ذیشان شہزاد عرف شانی کو ڈیڑھ کروڑ روپے بھتہ کے لیے کال کی، نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے 13جون 2024کو سینا ہیلتھ ایجوکیشن ایند ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کورنگی کی ڈاکٹر امبرین کو سالگرہ کاگفٹ پیک بھیجا، گفٹ پیک میں 2عدد راؤنڈ، بھتے کی پر چی جس پر 5لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی تھی۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اکتوبر میں بینک میں 22 لاکھ روپے منتقل ہونے والی رقم پر ڈکیتی کی جس کی رقم آپس میں تقسیم کر لی، گرفتار ملزموں کا اسلحہ وایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا