کامیڈین ببوبرال کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے

لاہور: (دنیا نیوز) معروف کامیڈین ببوبرال کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے، اداکار نے بے پناہ مزاحیہ کردار ادا کئے جو آج بھی دیکھنے والوں کو مسرور کرتے ہیں۔

سٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ایوب اختر المعروف ببو برال گوجرانوالہ کے قصبے گکھڑ منڈی میں 1959ء میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1982ء میں گوجرانوالہ سے کیا اور پھر 1984ء میں لاہور منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے باغ جناح میں اوپن ایئر تھیٹر میں کام شروع کیا، مزاحیہ اداکار نے سٹیج ڈرامے ”شرطیہ مٹھے‘‘ سے ملک گیر شہرت پائی۔

تین عشروں پر محیط زندگی میں ببوبرال نے بھرپور عروج دیکھا، ببو برال کو لاہور متعارف کرانے میں مرحوم اداکار فخری احمد کا اہم کردار تھا، ببو برال نے ٹوپی ڈراما، شرطیہ مٹھے اور عاشقو غم نہ کرنا جیسے بے شمار ہٹ ڈراموں میں فن کے جوہر دکھائے۔

اپنی فنی زندگی میں ببو برال نے اداکاری کے علاوہ سٹیج ڈرامے بھی لکھے اور ہدایات کاری بھی کی اور 50 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، انہوں نے انڈسٹری کو مجھے چاند چاہیے، نو پیسہ نو پرابلم، کڑیوں کو ڈالے دانا، نکی جئی ہاں سمیت کئی ہٹ فلمیں دیں، ان کی آخری فلم 2010ء میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’’چناں سچی مچی‘‘ تھی۔

ببو برال صحت کی خرابی کے باعث 16 اپریل 2011ء کو 51 برس کی عمرمیں دنیا فانی سے کوچ کر گئے، منفرد اندازِ اداکاری کی وجہ سے وہ آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں