فلم ’گھوسٹ سکول‘ پر سندھ میں پابندی کے خلاف درخواست دائر، حکومت سے جواب طلب
کراچی: (دنیا نیوز) فلم گھوسٹ سکول کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے کے خلاف فلم سازوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل معیز بیگ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں، تاہم سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کی جانب سے فلم کو سندھ میں نمائش کے لیے منظوری نہیں دی جا رہی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کے تحت کسی فلم کو سینسر سرٹیفکیٹ سے انکار مخصوص قانونی بنیادوں پر ہی کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق قوانین میں مذہب، قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات یا اخلاقیات کے خلاف مواد کی موجودگی کو فلم کی نمائش روکنے کی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
معیز بیگ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ سینسر بورڈ کا فیصلہ قانون میں درج کسی بنیاد کے تحت نہیں آتا اور فلم کی سندھ میں نمائش پر پابندی کی کوئی قانونی وجہ موجود نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق فلم گھوسٹ سکول میں گھوسٹ اسکولز کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے اور فلم کو برطانیہ کے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ فلم سازوں کو نہ کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی فیصلہ کرنے سے قبل اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments