جی 20 نے پاکستان کا 3.7 ارب ڈالر کا قرضہ اس سال کے آخر تک معطل کر دیا

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جی 20 نے پاکستان کا 3.7 ارب ڈالر کا قرضہ اس سال کے آخر تک معطل کر دیا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ موجودہ دور کی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے، جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے پیسہ لوٹا اسی طرح نواز شریف نے بھی کیا، گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے آج لندن میں پولو میچ دیکھ اور کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی سیاست کا لازمی جزو سمجھتے ہیں، ن لیگ کی ساری قیادت لندن بیٹھی ہے لیکن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر اعتراض کرتے ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ووٹنگ ہماری ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جی 20 نے پاکستان کا 3.7 ارب ڈالر کا قرضہ اس سال کے آخر تک معطل کر دیا ہے، یہ معیشت کے لئے اچھی خبر ہے، قرضے کی یہ رقم ہم نے فوری ادا کرنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے گفتگو ہوئی، گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن سے ملاقات میں ہم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ڈیمو کی بات کی تھی، اس ہفتے الیکشن کمیشن کو اس کا ڈیمو پیش کیا گیا ہے، اس میں الیکشن کمیشن نے سوالات بھی رکھے اور ماہرین نے ان کا جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور کامسٹیس کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی پروٹوٹائپ تیاری کا عمل جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کے 36 پوائنٹ ایجنڈے کے مطابق تیار کی گئی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں ای وی ایم استعمال ہو۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا کے سسٹم کے آڈٹ کے حوالے سے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی رپورٹ پیش کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور نے وزیراعظم کو بتایا کہ الیکشن اصلاحات بل 11جون 2021ءکو قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسی طرح الیکٹرانک ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے آرڈیننس بھی قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے، اس کے ساتھ ساتھ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ای ووٹنگ لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ملکی سیاست کا ایک لازمی جزو ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ ان کو یہ حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب احسن اقبال نے یہ بات کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مسائل کا کیا علم ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ اس پر حیرانگی ہوئی، ن لیگ کی ساری قیادت لندن میں بیٹھی ہوئی ہے جن کی تمام جائیدادیں وہاں پر ہیں اور وہ اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر اعتراض کرتے ہیں۔ نواز شریف اور ان کی فیملی کا ٹیکس ہی دیکھ لیا جائے کہ وہ کتنا ٹیکس پاکستان میں اور کتنا لندن میں ادا کرتے ہیں۔ ن لیگ موجودہ دور کی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے، ایسٹ انڈیا کمپنی نے جو کچھ ہندوستان کے ساتھ کیا، یہی کچھ ن لیگ اور ان کی قیادت کر رہی ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں