بھارت کے خلاف میچ میں170رنز کا ہدف کافی ہوگا:میتھیو ہیڈن

کرکٹ

دبئی:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا ہےکہ بھارت کے خلاف میچ میں170رنز کا ہدف کافی ہوگا، قومی ٹیم کا جذبہ بلند ،کھلاڑی متحد اورپرجوش ہیں جبکہ اس میچ میں دونوں ٹیموں پر پریشر ہو گا۔

ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے جس کے بعد سپر 12کا مرحلہ شروع ہوگا،قومی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 24اکتوبر کو کھیلے گی اور اس مقابلے سے پہلے ہی دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ میں تناؤکا ماحول بھی پیدا ہوچکا ہے۔

پاک بھارت میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ یو اے ای کی وکٹوں پر 170 رنز اچھا ٹوٹل ہو سکتا ہے اور بھارت کے خلاف بھی اتنا ہدف کافی ہوگا جبکہ کرکٹ کا اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل کرنا اعزاز ہے۔

میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے پر بے حد خوشی ہے،تمام کھلاڑی ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے جیت کا آغاز کرنا چاہتے ہیں،پاکستان ٹیم متحد ہےاور تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایشز پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے تمام لوگوں کی توجہ ہوتی ہے،پاک بھارت بڑے میچ پر دونوں ٹیموں پر پریشر ہو گا،سب جانتے ہیں بھارت ٹی 20 کی مضبوط ٹیم ہے جبکہ رشبھ پنت مڈل آرڈر میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

بیٹنگ کنسلٹنٹ نے کہا کہ ہمارے پاس بابر اور رضوان کی صورت میں بہترین اوپننگ بلے باز موجود ہیں،کوشش کریں گے پاور پلے کا اچھا استعمال کیا جائے۔،یو اے ای کی وکٹوں پر 170 رنز اچھا ٹوٹل ہو سکتا ہے جبکہ رضوان اور شاہین کا ٹیم میں کلیدی کردار ہو گا۔

آخرمیں انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی پر باؤلنگ کی اہم ذمہ داری ہے جبکہ بابر اعظم بہترین بلے باز ہونے کے ساتھ سمجھدارکپتان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنے دو وارم اپ میچ کھیل چکی ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں