ٹیلی کام سیکٹر کیلئے انفراسٹرکچر شیئرنگ پالیسی اور نیشنل رومنگ پر کام مکمل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے ٹیلی کام سیکٹر کیلئے انفراسٹرکچر شیئرنگ پالیسی اور نیشنل رومنگ پر کام مکمل کرلیا۔
پالیسی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی، وزارت آٹی اینڈ ٹیلی کام نے نیشنل رومنگ انفراسٹرکچر فریم ورک بھی مرتب کرلیا ہے۔
پہلے مرحلے میں نیشنل ہائی ویز پر نیشنل رومنگ کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 2 ماہ میں نیشنل ہائی ویز پر نیشنل رومنگ کا آغاز کر دیا جائے گا جس سے صارفین کو موبائل نیٹ ورکس کے استعمال میں دشواری ختم ہوگی۔
اس انقلابی اقدام کے تحت ایک کمپنی کا ایک ٹاور تمام موبائل سروس کی فراہمی کا ذریعہ بن سکے گا جس سے نیشنل ہائی وزیر پر دوران سفر سگنلز ملنے یا نہ ملنے کا مسئلہ حل ہوگا۔
اس حوالے سے نگران وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا ہے کہ رومنگ کا موبائل صارفین پر کسی قسم کا بوجھ نہیں آئے گا، نیشنل رومنگ انفراسٹرکچر فریم ورک کا ٹیلی کام کمپنیوں کو زیادہ فائدہ ہوگا، کمپنیوں کے مابین نیشنل رومنگ کیلئے انفراسٹرکچر شیئرنگ کے کمرشل معاہدے ہوں گے۔