پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں: ملک احمد خان

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔

پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے انتخابات نمبرز گیم پر مشتمل ہیں، پی پی پی حکومت کو سپورٹ کر رہی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب اور کچھ معاملات میں ارینجمنٹ کا معاملہ ہو سکتا ہے، سینیٹ انتخابات میں کوشش کی نمبرز کے حساب سے سیٹیں مل جائیں۔

ججز کے خط کے معاملے کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں 2018 سے 2024 تک یہ دھندہ چلتا رہا، اس دور کے واقعات پر خط پر کیوں نہیں لکھے گئے، پسند یا نا پسند سے ملک نہیں چل سکتا، خط میں ایک دو واقعات کی تحقیقات ہو سکتی ہیں، بطور ادارہ کسی کا نام لے کر ان کا مورال نہیں گرانا چاہیے۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ پتنگ بازی موت کا کاروبار ہے، اسے چلنے نہیں دیں گے، حکومت خونی کھیل میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی، موٹر بائیک پر سیفٹی پروٹوکول لگنا چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں