عید الفطر خوشیاں بانٹنے، معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے: صدر

اسلام آباد : (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے۔

عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں بحیثیت قوم رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کے لئے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے، ہم سب کو اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں اخوت، رواداری، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ عیدالفطر کے اس پُرمسرت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لئے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں روزے، نماز اور صدقات کی بجا آوری کے بعد اس مہینے کے اختتام پر ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اُس کی بے شمار نعمتوں اور توفیق سے ہمیں رمضان المبارک کی یہ تمام سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئی ہیں، رمضان کے دوران ہم اطاعت ِ الہٰی ، تقویٰ، ہمدردی اور سخاوت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ مبارک دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں، یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی قوم کی طرف سے غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے،  ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ میں اس مبارک دن کے موقع پر ہر پاکستانی اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہوں، اللہ تعالیٰ ہماری قوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، ہمیں نیکی کی راہ پر گامزن فرمائے اور ہمیں اتحاد، امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں