اسرائیل پر حملے سے پہلے ایران کی وارننگ دینے کی خبر درست نہیں: امریکا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسرائیل پر حملہ کرنے کے بعد امریکا نے ایران پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا عندیہ دے دیا۔

امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی اسرائیلی حملے سے متعلق پہلے وارننگ دینے کی خبر درست نہیں۔

انہوں نے کہا اسرائیل نے حملے سے متعلق امریکا سے رابطہ کیا لیکن وقت، ہدف اور حملے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوا، امریکا کا شراکت دار ہونے کی وجہ سے اسرائیل کی سٹریٹجک پوزیشن مضبوط ہے۔

ترجمان امریکی قومی سلامتی جان کربی نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے کے بعد ایران کے خلاف پابندیاں مزید سخت کر رہے ہیں، آئندہ ایران پر لگنے والی پابندیوں کا ایرانی معیشت پر گہرا اثر ہو گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 200 کے قریب ڈرون اور کروز میزائل داغے تھے، ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ تہران اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، اسرائیلی فضائی اڈے پر خیبر میزائلوں کو ٹارگٹ کیا گیا، حملوں کے بعد اسرائیل نے فوجی اڈے خالی کردیئے جبکہ اسرائیل میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں