طوفانی بارشوں سے تنزانیہ میں تباہی، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے 155 افراد ہلاک

ڈوڈوما: (ویب ڈیسک) تنزانیہ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 155 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنزانیہ کے وزیر اعظم نے تصدیق کی کہ ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں بچوں، بزرگ اور خواتین سمیت 155 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تنزانیہ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ تباہ کن بارشوں سے 51 ہزار سے زیادہ گھر اور 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کی وجہ سے مجموعی ہلاکتیں 155 اور 236 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں تنزانیہ کے دارالحکومت ڈوڈوما میں پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ساتھ ہونے والی شدید ایل نینو بارشوں نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ تنزانیہ اور مشرقی افریقا کے دیگر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے باعث انتہائی خطرے سے دوچار ہیں اور موجودہ برسات کے موسم کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی زد میں ہیں، کینیا میں بھی درجنوں اموات کی اطلاع ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں