یو اے ای میں بدھ سے پھر طوفانی بارشوں کی پیش گوئی، ریڈ الرٹ جاری

دبئی :(ویب ڈیسک )متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں ایک بار پھر شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات (نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی) کے مطابق بدھ کی شام سے جمعرات تک شدید بارشوں کا امکان ہے، متحدہ عرب امارات بحیرہ احمر سے سطحی کم دباؤ کی توسیع سے متاثر ہے، مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں بھی عرب امارات کے موسم پراثرانداز ہوں گی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔

 محکمہ موسمیات کے نمائندے کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ کچھ  مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے ، اس دوران تیز ہواؤں کی رفتار 65 کلومیٹر کی فی گھنٹہ ریکارڈ ہونے کی توقع  کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات دو ہفتے پہلے بھی شدید بارش سے متاثر ہوچکا ہے، دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئی تھیں، شدید بارشوں کی وجہ سے دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جب کہ بہت سی پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں