پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ ہر ڈپٹی کمشنر پولی تھین بیگ اکٹھے کرنے اور انکو تلف کرنے کیلئے پالیسی بنائے، شہریوں پر فیس عائد کرنے کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ آئندہ سماعت پر پنجاب کے تمام اضلاع کی پالیسی عدالت میں پیش کی جائے۔

عدالت نے پنجاب بھر کی انڈسٹریز کو فضلاء اور آلودگی کا باعث نہ بننے والی ڈیوائس لگانے کی ہدایت کر دی اور چیمبر آف کامرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں رپورٹ مانگ لی۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ سرکاری وکیل کے مطابق لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ کے محکمہ ماحولیات کے افسران کے تبادلے کر دیئے گئے۔

تحریری حکمنامے کے مطابق آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کیخلاف کارروائیاں کرنے کا بھی کہا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں