وفاق نے 1500 ارب دینا ہیں، حق نہ ملا تو چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا: علی امین گنڈا پور

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے کہا کہ وفاق نے 1500، ایک اور مد میں 260 ارب دینا ہیں، واضح پیغام دینا چاہتا ہوں ہمارا حق نہ ملا تو چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے، قانون ایسا ہونا چاہئے کسی کو بھی بے گناہ جیل میں نہ رکھا جائے، خیبرپختونخوا کو اس کا حق ملنا چاہئے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم اپنا حق لیکر رہیں گے، میرا حق لینے کے تین طریقہ کار ہیں، میں گھڑ سوار بھی ہوں، وفاقی حکومت کو پیغام دے رہا ہوں میری بات کو ہلکا نہیں لینا، وفاقی حکومت کو اندازہ نہیں کس سے پنگا پڑا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمارا حق کھا کرچین سے نہیں بیٹھ سکتی، مجھے اپنے لیڈر کے حکم کا انتظار ہے، جب میں نکلوں گا تو پوری عوام کو ساتھ لیکر نکلوں گا، ایک مثال دینے کے لئے قربانی بھی دینے کو بھی تیار ہوں، وفاقی حکومت کی معاشی مشکلات کا بھی اندازہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بہتر ہے ہمارا حق دے تاکہ شکریہ بھی ادا کروں، اگر خزانے میں مال نہیں آئے گا تو پھر گھڑ سواری والا روپ دھاروں گا، یہ کسی پارٹی نہیں صوبے کی جنگ ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امید ہے حق کی بات پر میڈیا بھی سٹینڈ لے گا، اگر حق نہ ملے تو پھر چھین کر لینا چاہئے، وفاق ہمارا حق دے صوبے کی محرومیوں کو دور کریں گے، وفاق جلد ازجلد پیسے جاری کرے ورنہ ہم اپنے پیسے لینا جانتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ میں اپنے صوبے کا حق ہرحال میں لوں گا، ہمارے صوبے کو اس کا حق ملنا چاہئے، ویسے ہی جیسے ہم اپنے وسائل پورے ملک میں دیتے ہیں، میں گھڑ سوار ہوں دنیا کی ہر طاقت کا اندازہ ہارس پاور سے لیا جاتا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر ہمارا حق نہ دیا تو آپ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں