ویمن کرکٹرز کو بھی فٹنس ٹریننگ کیلئے ملٹری اکیڈمی کاکول بھیجنے کا فیصلہ

لاہور:(ویب ڈیسک )قومی مینز کرکٹ ٹیم کے بعد اب ویمن کرکٹرز کو بھی فٹنس بہتر بنانے کیلئے ملٹری اکیڈمی کاکول بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو جولائی میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول بھیجا جائے گا، یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستانی ویمن کرکٹرز کو فٹنس میں اضافے کے لیے کاکول کے انسٹرکٹرز کے پاس بھیجا جارہا ہے، ایک ماہ کے فٹنس اور سکلز کیمپ میں ایک وقت میں 15، 15خواتین کرکٹرز شریک ہوں گی۔

پی سی بی ویمن ونگ کی سربراہ تانیہ ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بات شدت سے محسوس ہوئی ہے کہ خواتین کرکٹرز کی فٹنس پر کام کرنا ضروری ہے،اس لیے ہم نے ہر ریجنل اکیڈمی میں اسکلز اینڈ کنڈیشنگ کوچ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کاکول میں فٹنس اور ایبٹ آباد میں سکلز کیمپ ایک ساتھ چلیں گے، پہلے 15 دن جو 15لڑکیاں فٹنس کیمپ میں شرکت کریں گی اسی دوران دیگر 15 لڑکیاں ایبٹ آباد میں کوچز کی نگرانی میں سکلز کیمپ میں شرکت کریں گی، دو ہفتے بعداسکلز کیمپ کی لڑکیاں فٹنس کیمپ اور فٹنس کیمپ کی لڑکیاں سکلز کیمپ جوائن کرلیں گی۔

تانیہ ملک نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز ختم ہوتے ہی پاکستانی ٹیم انگلینڈ روانہ ہوجائے گی،انگلینڈ کی سیریز کے بعد کھلاڑیوں اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی کوچ کی تقرری چیئرمین محسن نقوی کی مشاورت سے کی جائے گی، محسن نقوی خواتین کرکٹ کی کارکردگی میں بہتری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں