الیکشن کا ناٹک رچایا گیا، اسمبلیاں اقتدار کیلئے لڑنے والوں سے بھر دیں: فضل الرحمان

کراچی: (دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کا صرف ناٹک رچایا گیا تھا۔

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے ہمیشہ جے یو آئی کا ساتھ دیا، ہماری اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے یہ لوگ تھک جائیں گے، ان کا خیال تھا شاید اب دھاندلی پر ہم احتجاج کے قابل نہیں ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری یہ جدوجہد ایک دن یا سال کی نہیں ہے، ہم نہیں ہوں گے تو ہمارے وارث اس جہاد کو آگے بڑھائیں گے، آئین کے مطابق کوئی قانون سازی قرآن و سنت کے منافی نہیں ہوسکتی، اسمبلیاں ایسے لوگوں سے بھر دی جاتی ہیں جنہیں اسلام سے کوئی دلچسپی نہیں، ایسے لوگ صرف اقتدار کی جنگ لڑتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ایم آرڈی تحریک میں تمام جماعتیں شامل تھیں، ہم نے اپنے حق کے لئے کھڑے ہونا ہے، جلسہ عوامی اسمبلی کےعنوان سے ہو رہا ہے، انتخابات کے ذریعے وجود میں آنے والی اسمبلیاں جعلی ہیں، الیکشن میں باقاعدہ اسمبلیاں خریدی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی تک ایوان صدر کا سودا ہوا، ہم ان کے لئے خطرہ تھے، جمعیت کو ہرانا ان کی ترجیح تھی، ہم پاکستان کے وفادار ہیں، پاکستان میں وفاداری کی کوئی قدروقیمت نہیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن کئے گئے، آج ملک میں دہشت گردی بہت بڑھ گئی ہے، جنرل باجوہ نے کہا افغانستان باڑ پر اربوں روپےخرچ کر دیئے، جنرل باجوہ نے کہا تھا افغانستان سے اب کوئی نہیں آسکے گا، آج وہ بارڈر پر لگی باڑ کدھر ہے؟

فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں حکمرانی ہوگی تو صرف آئین کی ہوگی، امریکا اسلامی ممالک کو توڑنا چاہتا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں