35 کمپنیوں پر مشتمل وفد کی پاکستان آمد، سرمایہ کاری پر راغب کریں گے: مصدق ملک

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ 35 کمپنیوں پر مشتمل سعودی عرب کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔

وفاقی وزیرپٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے ذمہ داری دی گئی ہے، سعودی عرب اور آذربائیجان ہر مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب سے آنے والی سرمایہ کاری کے حوالے سے عوام کو آگاہ کریں گے، ملازمتوں کے حوالے سے وزیراعظم نے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے، عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے ترقی کی شرح کو بڑھانا ہے۔

وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ درآمدات اور برآمدات میں فرق کو ختم کریں گے، سعودی عرب سے ہمارے گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد کل پاکستان آ رہا ہے، پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سعودی عرب میں 15 اہم ملاقاتیں کیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ ملاقات میں پٹرولیم، فوڈ سکیورٹی کے شعبے سے متعلق بات چیت ہوئی، 35 کمپنیوں پر مشتمل سعودی وفد پاکستان آرہا ہے، زراعت، پن بجلی اور کان کنی کے شعبوں کی جانب سرمایہ کاروں کو راغب کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں