معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے: احسن اقبال

شکرگڑھ: (دنیا نیوز) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔

وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سابق نگران وزیراعظم کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، نگران حکومت کی ذمہ داری الیکشن کروانا تھی، جسے اچھے طریقے سے نبھایا، 8 فروری کے الیکشن کو تمام جماعتوں نے تسلیم کرلیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ منتخب اسمبلیوں نے حلف اٹھا لیا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے حلف ہوگئے، جس جماعت کا جہاں مینڈیٹ تھا وہاں حکومت بنالی، اب کسی کو ایسا معاملہ یا چیز اٹھانے کی ضرورت نہیں، ایسے معاملات اٹھانے سے ملک میں بدامنی اور انتشار پیدا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں 2029ء تک اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق چلنا چاہئے، پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثنا اللہ اور اسحاق ڈار کی کابینہ میں شمولیت سے (ن) لیگ کی تقسیم کی افواہیں دم توڑ گئیں، وزیراعظم کے معاشی بحالی کے فیصلوں کے پیچھے پوری (ن) لیگ کھڑی ہے، گندم بحران کی صورتحال ہمیں ورثہ میں ملی ہے۔

وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ گندم کے معاملے پر وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں