پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری پر دستخط

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان اقتصادی اصلاحات پر اعلیٰ سطح پر بات چیت ہوئی، پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری پر دستخط کئے گئے۔

دستخط سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور کنٹری ڈائریکٹرز ورلڈ بینک ناجی بن حصین نے کئے، وزیراعظم پاکستان نے دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا، وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موقع پر موجود تھے۔

جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق نئے پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت سالانہ جائزے اور اقتصادی اصلاحات کے منصوبے کئے جائیں گے، اہم ترقیاتی ترجیحات کا تعین، اقتصادی اصلاحات، توانائی اور زرعی مواقع کو بڑھانے کیلئے منصوبے شامل ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے ورلڈ بینک پریذیڈنٹ جنوبی ایشیا سے ملاقات کی، وفاقی وزیر نے پریذیڈنٹ مارٹن ریزر کا خیرمقدم کیا، ورلڈ بینک پاکستان میں ترقیاتی تعاون بڑھانے پر آمادہ ہوگیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پاکستان اور ورلڈ بینک کا مختلف ترقیاتی شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط کرنے کا عزم کیا گیا، وزیر اقتصادی امور نے ورلڈ بینک کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا، ورلڈ بینک کے اعلیٰ عہدیدار نے پاکستان کے اقتصادی بحالی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان کے لئے ورلڈ بینک کے نئے مالیاتی اختیارات پر بات چیت بھی ہوئی، وفاقی وزیر احد چیمہ نے ورلڈ بینک سے نجی شعبوں کی شمولیت کے مطالبے پر زور دیا، پاکستان میں ورلڈ بینک کے ترقیاتی پورٹ فولیو میں توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

موسمیاتی تبدیلی، توانائی، پانی اور بہتر روزگار پر مشترکہ تعاون پر بات چیت ہوئی، انسانی وسائل اور زراعت پر مشترکہ تعاون پر اتفاق ہوا، وزیر اقتصادی امور نے ورلڈ بینک کو پاکستان میں اہم اصلاحات سے آگاہ کیا، وائس پریذیڈنٹ مارٹن رائزر نے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں