ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ہاتھوں شکست

ریاض: (دنیا نیوز) ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کو تھائی لینڈ نے شکست دیدی۔

سعودی عرب میں ایشین 6 ریڈ بال اور ایشین انڈر 21 چیمپئن شپ میں شاندار فتوحات کے بعد پاکستان نے ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں بھی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔

تاہم ایونٹ کے فائنل میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی، پہلے سنگل میں پاکستان کے اسجد اقبال کو باآسانی شکست ہوئی تھی، دوسرے سنگل میں اویس منیر نے اچھا مقابلہ کیا لیکن کلر پوٹنگ میں انہوں نے براؤن بال پر فاؤل کیا جس کے بعد تھائی پلیئر نے فریم کلیئر کردیا ۔

ڈبلز میں بھی پاکستانی پیئر تھائی لینڈ کو نہ روک سکا، یوں تھائی لینڈ 4-61، 53-75 اور 26-90 کے اسکور کے ساتھ ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ جیت گیا۔

فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل کی حقدار رہی، پاکستان نے اس سے قبل ایشین 6 ریڈ میں گولڈ میڈل جیتا تھا، پاکستان نے ایشین انڈر 21 میں گولڈ اور سلور میڈل بھی اپنے نام کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں