کیئر سٹارمر کی شیخ زاید النہیان سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ابو ظہبی: (سید مدثر خوشنود) برطانیہ کے وزیرِ اعظم سر کیئر سٹارمر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ابو ظہبی میں صدرِ یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

خلیجی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی، ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، بحری سلامتی، توانائی کی سپلائی اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر حالیہ کشیدگی، ایران جنگ بندی کے نازک مرحلے، اور آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کی اہمیت پر گفتگو کی، کیونکہ یہ راستہ عالمی توانائی اور تجارت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید نے زور دیا کہ خطے کے بحرانوں کا حل سفارت کاری، مذاکرات اور امن کے راستے سے نکالا جانا چاہیے، جبکہ کیئر سٹارمر نے یو اے ای کے ساتھ برطانوی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ امارات کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

اسی تناظر میں دونوں رہنماؤں نے ایسے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا جو جنگ بندی کو پائیدار بنانے اور بحری گزرگاہوں کو محفوظ رکھنے میں مدد دیں۔

برطانوی ذرائع کے مطابق سٹارمر کے خلیجی دورے کا مقصد صرف فوری بحران پر ردعمل دینا نہیں بلکہ اتحادی ممالک سے مشاورت کے ذریعے ایک وسیع تر علاقائی حکمت عملی کو آگے بڑھانا بھی تھا، اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابو ظہبی اور لندن موجودہ نازک مرحلے میں سکیورٹی، تجارت، توانائی اور سفارتی رابطوں کو ایک مربوط فریم ورک میں دیکھ رہے ہیں، جبکہ یو اے ای ایک بار پھر خطے کے اہم سفارتی مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں