چینی صدر شی جن پنگ سے تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن کی ملاقات

بیجنگ: (ویب ڈیسک) عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن نے ملاقات کی ہے۔

  چینی صدر نے کہا کہ دنیا میں صدیوں میں نہ دیکھے گئے بڑے تغیرات رونما ہو رہے ہیں، چینی قوم کی تجدید کا رجحان تبدیل نہیں ہو گا، آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف رہنے والے لوگ چینی ہیں اور سب امن کے خواہاں ہیں۔

تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں مل کر ایک جدید چینی معاشرہ تعمیر کرنا چاہئے۔

سی پی سی کی مرکزی کمیٹی اور شی جن پنگ کی دعوت پر چینگ لی وَن گزشتہ ایک دہائی میں پہلی کے ایم ٹی چیئرپرسن ہیں جنہوں نے چینی سرزمین کا دورہ کیا ہے۔

شی جن پنگ نے کہا کہ 10 سال بعد سی پی سی اور کے ایم ٹی رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات دونوں جماعتوں کے تعلقات اور آبنائے تائیوان کے پار تعلقات کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے لوگ امن و سکون، بہتر تعلقات اور بہتر زندگی کے خواہاں ہیں، یہ ایک ذمہ داری ہے جس سے سی پی سی اور کے ایم ٹی پیچھے نہیں ہٹ سکتے، اور یہی دونوں جماعتوں کے باہمی تعاون کی محرک قوت بھی ہے۔

شی جن پنگ نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ تائیوان کی تمام سیاسی جماعتوں، بشمول کے ایم ٹی، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد و گروہوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ تبادلے اور مکالمے کو فروغ دیا جا سکے، آبنائے تائیوان میں امن کو مضبوط بنایا جا سکے، عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر کیا جا سکے اور قومی نشاۃِ ثانیہ کو آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ درست شناخت کے تصور کو اپناتے ہوئے آبنائے کے دونوں اطراف کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے، سماجی نظام میں اختلافات کو علیحدگی کا جواز نہیں بننا چاہئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں