وزیر خزانہ کی فچ ریٹنگ کے نمائندوں سے ورچوئل ملاقات، اقتصادی اعشاریوں میں بہتری کا اعتراف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فچ ریٹنگ کے نمائندوں سے ورچوئل ملاقات کی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق فچ کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی اعشاریوں میں بہتری کا اعتراف کیا گیا، وزیر خزانہ نے نئے مالی سال کے اہم معاشی اہداف کے حوالے سے فچ نمائندوں کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025 میں اپنے محصولات کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک بڑھائیں گے۔

وزیر خزانہ کے مطابق آنے والے 3 سالوں میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 3 فیصد تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا، مالی سال 2025 کے لیے جی ڈی پی کے 1 فیصد کا بنیادی سرپلس بھی حاصل کیا جائے گا، آئی ایم ایف معاہدے کے ذریعے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کو تقویت ملے گی۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی اور مالی ذخائر میں استحکام آیا ہے، ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال 7.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ڈیڑھ لاکھ سے زائد پرچون فروشوں کا ٹیکس دہندگان کے طور پر اندراج کرایا گیا ہے، آئی ٹی کے شعبے کی درآمدات 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں