پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر چھاپہ: آئی جی اسلام آباد کا موقف بھی سامنے آگیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپے سے متعلق آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا موقف بھی سامنے آگیا۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا کہ پولیس کسی سیاسی انجینئرنگ کا حصہ نہیں ہے، ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا۔

علی ناصر رضوی نے کہا کہ میں اپنی آنکھ کی سرجری کے باعث پچھلے دو دنوں سے یہاں موجود نہیں تھا، ہم لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، ہم جرائم پیشہ افراد کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی دارالحکومت میں رہتے ہیں، یہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درمیان سینڈوچ ہے، اس لیے اس کی سکیورٹی کو یقینی بنانا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی میڈیا کوآرڈی نیٹر رضوان احمد کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کر دیا، انہوں نے کہا کہ میں اس سے متعلق ریکارڈ چیک کرکے بتاؤں گا، رضوان احمد کے کیس میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔

علی ناصر رضوی نے کہا کہ پی ٹی آئی دفتر پر چھاپے کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت سے سرچ وارنٹ لیے گئے تھے، پولیس ٹیم سرچ وارنٹ لے کر ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ سینٹرل سیکرٹریٹ گئی۔

آئی جی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو کچھ چیزیں مطلوب تھیں، چھاپے کے دوران ایف آئی اے کو کافی چیزیں ملی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں