یورپی ملک کروشیا میں مسلح شخص کی نرسنگ ہوم میں فائرنگ، 6 افراد ہلاک

زگرب: (ویب ڈیسک) یورپ کے ملک کروشیا میں مسلح شخص نے نرسنگ ہوم میں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کروشیا کے شہر ڈاروور میں پیش آیا جہاں مسلح شخص نرسنگ ہوم میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے نرسنگ ہوم کے ملازم سمیت 6 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو سیل کر کے لاشوں اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، زخمیوں میں 4 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق نرسنگ ہوم میں فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو سرچ آپریشن کے بعد ایک کیفے سے گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے غیر رجسٹرڈ اسلحہ بھی برآمد کر کے مزید تفتیش کیلئے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ کروشیا میں ماس شوٹنگ کے واقعات عام نہیں ہیں، پیر کے روز ہونے والا واقعہ 1991ء میں کروشیا کے آزادی کے اعلان کے بعد ملک میں ہونے والے بدترین واقعات میں سے ایک شمار کیا جا رہا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں