آسٹریلیا کی فلسطینیوں پر تشدد کرنیوالے اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں

کینبرا: (ویب ڈیسک ) برطانیہ، امریکا ، کینیڈا اور جاپا ن کے بعد آسٹریلیا نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کرنے والے اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف پُرتشدد کارروائیاں کرنے پر آسٹریلیا نے اسرائیلی نوجوانوں کے گروپ اور 7 اسرائیلی آباد کاروں پر مالی و سفری پابندیاں لگادیں۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا ہے کہ اسرائیلی گروپ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے کا ذمہ دار ہے، یہودی آباد کار فلسطینیوں پر حملوں اور تشدد کے واقعات میں ملوث ہیں۔

پینی وونگ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں بعض پُرتشدد کارروائیوں میں اموات بھی ہوئی ہیں، اسرائیل اپنی آبادکاری کی جاری سرگرمیاں بند کرے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے بھی کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں استحکام اور دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

دریں اثنا جاپان کی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیماسا ہیاشی نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ سال اکتوبر سے ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔

اس صورتحال میں اور جی ۔7 کے رکن ممالک اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاپان نے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث 4 اسرائیلی یہودی آباد کاروں کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئےان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں