نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ اور شریک ساتھیوں کا امریکہ فوج کے ساتھ معاہدہ طے

نیویارک:(دنیا نیوز) نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد اور شریک ساتھیوں کا امریکہ فوج کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔

امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے تینوں افراد نے امریکی فوج کے ساتھ سمجھوتا کر لیا، اب خالد شیخ سمیت تینوں ساتھیوں کو سزائے موت نہیں دی جائے گی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق خالد شیخ محمد، ولید محمد صالح مبارک بن عطاش، اور مصطفیٰ احمد آدم الحوساوی کو کیوبا میں امریکی بحریہ کے اڈے گوانتانامو بے میں برسوں سے بغیر کسی مقدمے کے قید رکھا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ افراد استغاثہ کی جانب سے سزائے موت کی درخواست نہ کرنے پر رضامندی کے بدلے جرم قبول کر لیں گے، تاہم پلی ڈیل کی شرائط ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ نیویارک، ورجینیا اور پنسلوانیا میں تقریباً 3000 افراد القاعدہ کے حملوں میں مارے گئے، جس نےدہشت گردی کے خلاف جن اور افغانستان اور عراق پر حملوں کو جنم دیا۔

امریکی میڈیا نے بتایا کہ اس معاہدے کا سب سے پہلے پراسیکیوٹرز کی طرف سے متاثرین کے اہل خانہ کو بھیجے گئے خط میں ذکر کیا گیا۔

چیف پراسیکیوٹرریئر ایڈمرل ہارون رف کے خط میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ سزا کے طور پر سزائے موت کو ہٹانے کے بدلے میں ان تینوں ملزمان نے چارج شیٹ میں درج 2976 افراد کے قتل سمیت تمام الزامات کا اعتراف کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ان افراد پر شہریوں پر حملے، جنگی قوانین کی خلاف ورزی، ہائی جیکنگ اور دہشت گردی سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں، توقع ہے کہ وہ باضابطہ طور پر اپنی درخواستیں اگلے ہفتے کے اوائل میں عدالت میں جمع کرائیں گے۔

یاد رہے کہ خالد شیخ محمد کو وسیع پیمانے پر نائن الیون حملے کا معمار سمجھا جاتا ہے، جس میں ہائی جیکرز نے مسافر طیاروں کو اپنے قبضے میں لے لیا اور انہیں نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور واشنگٹن سے باہر پینٹاگون سے ٹکرا دیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں