اسماعیل ہانیہ کی شہادت: ملک بھر میں یوم سوگ، پارلیمنٹ ہاؤس میں غائبانہ نماز جنازہ ادا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، اتحادی جماعتوں کے قائدین، اپوزیشن رہنما شریک ہوئے، اس موقع پر اسماعیل ہانیہ کی مغفرت کی دعا کی گئی۔

علاوہ ازیں لاہور اور کراچی سمیت مختلف کے دیگر شہروں میں بھی اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسمبلی اجلاس کے دوران اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے معاملے پر قرارداد پیش کی، قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے۔

قرارداد کے مطابق یہ ایوان فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے، ساتھ ہی یہ ایوان غزہ میں فی الفور سیز فائر کا مطالبہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق فلسطینی وزیراعظم اور حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی نمازِ جنازہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی تھی۔

31 جولائی کو فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ  کو تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ  کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا جبکہ ایران نے بھی اسرائیل کو سنگین نتائج سے خبردار کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں