معروف گلوکار اخلاق احمد کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے
لاہور: (دنیا نیوز) معروف گلوکار اخلاق احمد کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے، اپنی مسحور کن آواز کی بدولت وہ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
گلوکار اخلاق احمد 10جنوری 1946ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، اپنے کیریئر کا آغاز 1960ء میں سٹیج گلوکاری سے کیا، اخلاق احمد نے 1974ء میں فلم چاہت کیلئے ایک گیت گایا جوسُپرہٹ ہوا۔
انہوں نے شوبز کی دنیا میں اس وقت قدم رکھا جب گلوکاروں کا فلمی دنیا میں جگہ بنانا نہایت مشکل تھا، اخلاق احمد نے اپنی سریلی آواز اور انتھک محنت سے ایک الگ مقام حاصل کیا، فلم ’’بندش‘‘ کے گیت نے اخلاق احمد کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
گلوکار اخلاق احمد نے بطور پلے بیک سنگر پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے کام کیا اور کیریئر کے دوران 86 فلموں کیلئے 177 نغمے گائے، ان کی آواز میں گایا گیا آخری گیت فلم’’ نکاح‘‘ میں شامل کیا گیا، اخلاق احمد کے گیت آج بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہیں، انہیں سات بار نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
گلوکار اخلاق احمد کینسر کے باعث 4 اگست 1999ء کو اس دنیا فانی سے رخصت ہوگئے۔