اے آر رحمان ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

ممبئی: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار، میوزک ڈائریکٹر و گیت نگار اے آر رحمان ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ برائے موسیقی جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز 16 اگست کو 2022 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں کے لیے 70ویں نیشنل ایوارڈز کا اعلان ہوا۔

70ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے فاتحین میں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی گلوکار اے آر رحمان کا نام بھی شامل تھا، انہیں نیشنل فلم ایوارڈز میں بہترین میوزک ڈائریکٹر (بیک گراؤنڈ سکور) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اے آر رحمان کو منی رتنم کی تامل فلم "پونیئن سیلوان پارٹ 1" کے لیے موسیقی کی ہدایتکاری کرنے پر ایوارڈ دیا گیا، یہ فلم سال 2022 میں سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساتواں نیشل فلم ایوارڈ جیتنے کے بعد اے آر رحمان بھارت میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے میوزک ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایسگنانی الیاراجہ ہیں جنہوں نے موسیقی کے شعبے میں پانچ بار نیشنل ایوارڈز اپنے نام کیے۔

ایسگنانی الیاراجہ کو آخری بار سال 2015 میں تامل فلم "تھرائی تھپٹی" کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ ملا تھا جبکہ تیسرے نمبر پر ہندی فلموں کے ڈائریکٹر وشال بھردواج ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں