28 اگست کی ہڑتال تاجروں کی جدوجہد کا دن ہو گا، صدر تاجر اتحاد عتیق میر

کراچی: (دنیا نیوز) آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے کہا ہے کہ 28 اگست کی ہڑتال تاجروں کی جدوجہد کا دن ہو گا، اس شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے گا۔

کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے دفتر میں تاجروں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے ہمیں ایک چھتری کے نیچے آنا چاہیئے۔

عتیق میر نے کہا کہ عوام کے ساتھ تاجر بھی مہنگی بجلی کے عتاب کا شکار ہیں، تاجردوست سکیم یکطرفہ اور جبری طور پر نافذ کی جا رہی ہے جبکہ بجلی کے بلوں کی مد میں بھی تعصب برتا جا رہا ہے۔

عتیق میر کا کہنا تھا کہ مئی 2024 کے بعد تاجروں کا کاروبار سکڑ گیا ہے، 28 اگست کی ہڑتال تاجروں کی جدوجہد کا دن ہو گا، اس شٹر ڈائون ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں نے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ڈٹنا ہے، ہم باہمی یکجہتی کے ساتھ خود ایک آواز اور خود ایک طوفان ہیں، بڑھتی ہوئی مایوسی کے باعث ملک سے 1947 کے بعد سے بڑی ہجرت ہو رہی ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے کہا کہ ہنرمند پروفیشنلز نوجوان بیرون ملک ہجرت کر رہے ہیں، چھوٹی چھوٹی دکانوں پر 60 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے، تاجردوست سکیم کو جبری طور پر ناکام بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں