چہلم و عرس: زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، ڈی آئی جی

لاہور: (دنیا نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز محمد کامران فیصل نے کہا ہے کہ چہلم و عرس کے موقع پر شرکاء و زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی سی لاہور کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مسالک کے علماء کرام، پولیس و الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا علی ہجویریؒ  کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ضلعی حکومت کے زیر انتظام محکموں کے ساتھ مربوط روابط یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ چہلم کے جلوس کے شرکاء اور داتا دربار آنے والے زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی تاہم چہلم وعرس کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقوں کے علماء اور امن کمیٹی ممبران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جلوس کے روٹ پر پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس ورکنگ کنڈیشن میں رکھے جائیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی جبکہ علماء کرام کے تعاون سے امن وامان کی فضاء کو برقرار رکھا جائیگا اور پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر دونوں پروگرامز کو پرامن بنائے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں