پنجاب: محکموں، کمشنر اور ڈی سیز کے اختیارات میں مزید اضافہ

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں محکموں، کمشنر اور ڈی سیز کے اختیارات میں مزید اضافے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

محکمہ خزانہ پنجاب نے مالی اختیارات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ترقیاتی سکیموں کی مد میں کمشنرز اور ڈی سیز کے اختیارات بڑھا دیئے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب ڈیلی گیشن آف فنانشل پاور رولز 2016 میں ترامیم کی گئی ہیں، تقریباً 23 سال بعد ڈی سی کے سکیموں کی منظوری کی رقم کو پانچ کروڑ سے بڑھا کر 10 کروڑ کر دیا گیا ہےجبکہ ڈویژنل کمشنرز کے سکیم منظوری کی رقم کو 20 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ محکموں کو ترقیاتی سکیموں کی منظوری کی رقم کو 40 کروڑ سے بڑھا کر 80 کروڑ تک کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں، بڑھتی مہنگائی کے باعث ترقیاتی سکیموں کی لاگت میں اضافے کے پیش نظر فنانشل بریکٹ کو بڑھایا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں