پی ٹی اے نے غیر قانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا۔

اپنے ایک بیان میں پی ٹی اے حکام نے کہا کہ جس کے شناختی کارڈ کی مدت 2017ء سے پہلے مکمل ہو چکی اور تجدید نہیں کروائی، ان کی سمز کی بندش شروع کر دی ہے، شہری سمز کی بندش سے بچنے کیلئے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں۔

پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور کینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں، 16 اگست سے لے کر اب تک 69 ہزار سے زائد غیرقانونی سمز بند کی گئیں، نادرا سے حاصل ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جا رہا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جا رہے ہیں۔

پی ٹی اے نے کہا کہ جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جا رہی ہیں، غیرقانونی سمز دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں