ویب مانیٹرنگ سسٹم کے تحت غیر ضروری مواد بلاک کرنے کا آغاز

اسلام آباد :(دنیا نیوز) پی ٹی اے نے ویب مانیٹرنگ سسٹم کے تحت آن لائن مواد بلاک کرنا شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ویب مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے 2369 یوآر ایل بلاک کردیئے، ڈبلیو ایم ایس سسٹم کے تحت 183 موبائل ایپلیکیشنز بھی بلاک کی گئیں۔
وزیر انچارج کابینہ ڈویژن نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں بتا دیا کہ بلاک کی گئیں ویب سائٹس شہریوں کا ذاتی ڈیٹا ظاہر کرنے میں ملوث تھیں، ایسی متنازعہ ایپلیکیشنز شہریوں کی شناختی معلومات پبلک کرنے میں ملوث پائی گئیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کا ڈبلیو ایم ایس سسٹم ڈیپ پیکٹ انسپکشن کا حامل ہے، یہ سسٹم گیٹ وے لیول پر انٹرنیٹ ٹریفک کنٹرول کرنے میں مددگار ہے، نئے نظام سے غیرقانونی مواد کو بلاک کرنے کا آغاز ہوگیا۔

دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ مانیٹرنگ نظام کے ذریعے اداروں کیخلاف پراپیگنڈا کرنیوالی آئی ڈیز کی نشاندہی کی گئی، اس نظام کے ذریعے پی ٹی اے مواد بلاکنگ میں خود کفیل ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں