حکومت ڈیجیٹل پاکستان کےسفرپرگامزن ہے: شزہ فاطمہ

کراچی:(دنیا نیوز) وزیرمملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کےسفرپرگامزن ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیرمملکت آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم شہبازشریف کا ویژن ہے، موجودہ حکومت کےدورمیں آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کےسفرپرگامزن ہے، ڈیجیٹلائز میں ایف بی آر میں اصلاح ہماری اولین ترجیح ہے، ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کرنے سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔

شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے حکومت اصلاحات کےایجنڈے پرکاربند ہے، تمام شعبوں میں شفافیت کویقینی بنایا جارہا ہے، حکومت کا ڈیجیٹلائز کے اقدام کا مقصد تاجروں اور سرمایہ کاروں میں اعتماد کی فضا کو قائم کرنا ہے ۔

وزیر مملکت آئی ٹی  نے کہا کہ میں آپ کو یہاں یہ بھی بتانا چاہتی ہوں کہ انٹرنیٹ کی سپیڈ کو بہتربنانے کیلئے ہم نئی چار آپٹکس کیبلز کے ساتھ انٹرنیٹ کو منسلک کرنے جارہے ہیں جس سے انٹرنیٹ کے سست ہونے والے مسائل سے نجات مل سکے گی، ہمیں امید ہے کہ ہم اگلے سال اپریل یا مئی تک انٹرنیٹ  کی تکنیکی خرابی کے مسائل سے نکل آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری آبادی کی سب سے بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کےنوجوانوں میں بےپناہ صلاحیتیں ہیں، ہم ان نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے آئی ٹی سے منسلک مختلف شعبوں میں تربیت کے پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں ، جن کیلئے عالمی اداروں ساتھ معاہدے ہو رہے ہیں تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں