پاک، بنگلا دیش دوسرا ٹیسٹ: بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ٹاس تاحال نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا، پہلے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دی تھی۔

پاکستان نے دوسرے میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر رکھا ہے، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بیٹے کی ولادت کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپنر ابرار احمد سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، آل راؤنڈر عامر جمال فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بارش کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں میچ سے قبل آخری تیاریوں سے محروم رہی تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں