کرسٹیانو رونالڈو کا یوٹیوب چینل گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

لندن : (ویب ڈیسک ) فٹ بال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کرسٹیانو رونالڈو کے یوٹیوب چینل کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 21 اگست کو قدم رکھا اور کئی ریکارڈز توڑ ڈالے تاہم اب رونالڈو کے یوٹیوب چینل ’یور کرسٹیانو‘ نے عالمی ریکارڈ بُک ’گنیز ورلڈ ریکارڈ‘ میں جگہ بنالی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے النصر سٹار کے یوٹیوب چینل کو 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کرنے والے چینل کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔

یوٹیوب ریکارڈز پر نظر رکھنے والی ایک سائٹ کے مطابق رونالڈو کے چینل نے صرف 22 منٹ میں 1 لاکھ سبسکرائبرز، 47 منٹ میں 10 لاکھ سبسکرائبرز اور 11 گھنٹے 31 منٹ میں 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کر لیے تھے۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ کھلاڑی کے چینل کو صرف 1 ہفتے میں 50 ملین افراد سبسکرائب کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کرسٹیانو رونالڈو نے ایک ہی دن میں یوٹیوب گولڈن بٹن حاصل کرلیا

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پرتگالی فٹ بالر کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں آیا ہے بلکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ رونالڈو کو 637 ملین فالوورز کے ساتھ انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالو کرنے والے شخص کے طور پر اور نومبر 2022ء میں اسی پلیٹ فارم پر 500 ملین فالوورز تک پہنچنے والے پہلے شخص کے طور پر بھی تسلیم کر چکا ہے۔

اس وقت رونالڈو کے فیس بُک اکاؤنٹ پر 170 ملین اور ایکس اکاؤنٹ پر 112 ملین فالوورز بھی موجود ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں