کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق لب کشائی کردی

ریاض : (ویب ڈیسک ) فٹ بال کی دنیا کا بڑا نام ، معروف پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے آخر کار اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق لب کشائی کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیائے فٹ بال کے مقبول ترین کھلاڑی نے حالیہ انٹرویو میں آئندہ 3 برس میں ریٹائر ہونے کا اشارہ دیا ہے ۔

حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں رونالڈو کاکہنا تھا کہ میں یہ نہیں جانتا کہ جلد ہی ریٹائر ہو جاؤں گا یا نہیں ، مگر مجھے لگتا ہے کہ ابھی فٹ بال کے میدان میں بہت کچھ کرنا ہے لیکن ممکنہ طور پر اگلے 2 یا 3 سال میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دوں گا، مگر یہ یقینی ہے کہ میں النصر سے ہی اپنی ریٹائرمنٹ لوں گا۔

رونالڈو کا کہنا تھا کہ میں اس کلب میں بہت خوش ہوں، مجھے اس ملک میں اچھا لگتا ہے، میں سعودی عرب میں کھیل کر خوش ہوں اور اسے ریٹائرمنٹ تک جاری رکھنا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ پانچ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے 39 سالہ رونالڈو سعودی فٹ بال کلب النصر کے لیے کھیلتے ہیں ، انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہنے کے بعد دسمبر 2022ء میں شمولیت اختیار کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں