وزیر اعلیٰ سندھ کی500 یونٹس تک کے بجلی صارفین کو ریلیف کی سفارش

کراچی :(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کی سفارش کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری کے زیر صدارت اجلاس میں ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی ،اجلاس میں صوبائی وزیرتوانائی ناصر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری آغا واصف اور مصدق ملک، سیکرٹری توانائی فخرعالم بھی شریک تھے۔

پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی منصوبے میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کی سفارش کی ہے،اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے پیک آور چارجز اور مختلف سلیبز ختم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی سستی ہوگی تو طلب بڑھے گی، اضافی بجلی بھی استعمال میں آ جائےگی غریب عوام کو بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف دیاجائے۔

اس پر وفاقی وزیر توانائی نے اویس لغاری نے کہا کہ وزارت توانائی بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے کام کررہی ہے، ہم ریلیف کا فارمولا بنا کر صوبوں سےشیئر کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ بجلی کی ضرورت سےزیادہ پیداوار ہےتوٹیرف سلیب ختم کرنے چاہئیں، بجلی زیادہ استعمال کے اوقات تب ہونےچاہئیں جب بجلی کی طلب پیداوارسےزیادہ ہوسلیب کے خاتمہ سے سب کو ایک قیمت پر بجلی ملے گی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں مستحق افراد میں سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کو فراہم کی جانے والی بجلی مہنگی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی جانب سے سستی بجلی فراہم کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں