لاہور: پولیس اہلکار ہی اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث نکلے

لاہور:(دنیا نیوز) لاہور میں پولیس اہلکار ہی شہریوں کو لوٹنے لگے ہیں، تھانہ گلشن اقبال کے سب انسپکٹر حافظ زاہد نے ساتھیوں کے ہمراہ شہری کو اغوا کیا اور 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔

پولیس کے اہلکار سی آئی اے اور ایف آئی اے اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے لگے ہیں، ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر نے کانسٹیبل طارق، کاشف اور ایک نامعلوم کے ہمراہ گینگ بنایا، سب انسپکٹر حافظ زاہد نے شہری عمار خالد کی گاڑی کو زبردستی روکا، سب انسپکٹر اور ساتھیوں نے خود کو ایف آئی اے اور سی آئی اے اہلکار ظاہر کیا اور شہری عمار خالد سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا، پیسے نہ دینے کی صورت میں پولیس مقابلے میں مار دینے کی دھمکی دی۔

ایف آئی آر کے مطابق شہری نے اپنے کزنز کی مدد سے 10 لاکھ 41 ہزار کا بندوبست کیا، پیسے لے کر پولیس اہلکاروں نے قانونی کارروائی نہ کرنے کیلئے دھمکیاں دیں،لیکن شہری عمار خالد کی مدعیت میں تھانہ سبزہ زار میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ایس پی اقبال ٹاﺅن بلال احمد نے شہری کی درخواست پر انکوائری کی، انکوائری میں سب انسپکٹر حافظ زاہد، کانسٹیبل طارق، کاشف گنہگار ثابت ہوئے، ایس پی کے حکم پر سب انسپکٹر سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں