3 سال بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ

کراچی: (دنیا نیوز) 3 سال بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر اگست میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، گزشتہ برس اگست 2023 کے دوران مہنگائی 27.4 فیصد ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ اگست 2022 کے دوران مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد ریکارڈ ہوئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں کی نسبت شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہی، اگست میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 11.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 6.7 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر پیاز 23.62 فیصد مہنگے ہوئے، انڈے فی درجن 12.39 فیصد، تازہ سبزیوں کی قیمت میں 12.25 فیصد کا اضافہ ہوا، دال چنا 4.55 فیصد، آلو 2.90 فیصد، تازہ اور خشک دودھ بالترتیب 1.27 اور 1.20 فیصد مہنگے ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر تازہ پھل 13.10 فیصد سستے ہوئے، ٹماٹر 8.09 فیصد، آٹے کی قیمت میں ماہانہ بنیادوں پر 3.40 فیصد کمی ہوئی، ماہانہ بنیادوں پر گندم، بریڈ، سگریٹس بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں