یوایس اوپن : الیگزینڈرزویروف، گریگور دیمتروف، ٹیلرفریٹز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

نیویارک : (ویب ڈیسک ) جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر چار الیگزینڈر زویروف ، بلغاریہ کے گریگور دیمتروف اور امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔

سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔

مینز سنگلز مقابلوں کے چوتھے راؤنڈ میچ میں جرمنی کے الیگزینڈر زویروف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی برینڈن ناکشیما کو 6-3،1-6، 2-6 اور 2-6سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

بلغاریہ کے ٹینس کھلاڑی گریگور دیمتروف نے بھی پری کوارٹر فائنل لائن عبور کرلی، انہوں نے روسی حریف کھلاڑی آندرے روبلوف کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 6-7(3-7)،6-1، 6-3 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹاپ ایٹ راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔

ایک اورمیچ میں امریکا کے ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناروے کے حریف کھلاڑی کیسپر رڈ کو 6-3، 4-6، 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں