ایسا ملک جہاں ہزاروں ملازمین نے نیند کی اہمیت اجاگر کرکے ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

سٹاک ہوم:(دنیا نیوز) سویڈن میں فرنیچر بنانے والی کمپنی ’آئیکیا‘ کے 2000 سے زیادہ ملازمین نے پرسکون نیند کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ساتھ ایک جیسا سلپنگ سوٹ (پاجامہ اور شرٹ ) پہن کر ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سویڈن میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سویڈن میں فرنیچر کمپنی ’آئیکیا‘ کے 2,052 ملازمین نے دنیا کی سب سے بڑی پاجامہ پارٹی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔

کمپنی نے دنیا کی سب سے بڑی پاجامہ پارٹی منعقد کرنے کے لیے سویڈن میں اپنے پہلے سٹور پر 2052 ملازمین کو جمع کیا، کمپنی جو بیڈ، صوفہ، کرسیاں، ٹیبل اور دیگر آرام دہ فرنیچر تیار کرتی ہے، اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے ملازمین نے ایسا پر سکون نیند کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا ہے۔

فرنیچر کمپنی نے اپنے 2 ہزار سے زیادہ مرد و خواتین ملازمین کے لیے آسمانی رنگ پر مبنی ایک جیسا سلپنگ سوٹ (پاجامہ اور شرٹ) تیار کروائے اور انہیں کمپنی کے باہر ایک کھلے میدان میں جمع ہونے کے لیے کہا، کمپنی کے تمام ملازمین نے یہاں جمع ہو کر نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔

کمپنی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش آئیکیا کے اس اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد نیند کو بہتر بنانے کے لیے بیڈروم کی سجاوٹ اور اسے آرام دہ اور پر سکون بنانا ہے۔

آئیکیا کی منیجنگ ڈائریکٹر فریڈریکا انگر کہتی ہیں کہ ہم نیند کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے اکٹھے ہونے کی اس اجتماعی کوشش پر بہت خوش ہیں کیونکہ اچھی نیند ہر ایک کو فائدہ پہنچاتی ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ اس کو ترجیح دے کر ہم واقعی ایک بڑا کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چھوٹی ایڈجسٹمنٹ ، جیسے صحیح تکیہ، بستر یا روشنی کا صحیح انتخاب بڑی پر سکون نیند حاصل کرنے کا باعث بن سکتی ہے، ہمارا مقصد ان چیزوں کو ہر ایک کے لیے قابل رسائی بنانا ہے کیونکہ اچھی نیند ایک ایسی چیز ہےجو ہر کوئی چاہے تو حاصل کرسکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں