تمام تر توجہ انٹرنیشنل ایونٹس پر مرکوز ہے: معید بلوچ

کراچی: (دنیا نیوز) ورلڈ ملٹری گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی معید بلوچ نے کہا کہ تمام تو توجہ انٹرنیشنل ایونٹس پر مرکوز ہے، ابھی ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور پھر اولمپکس کھیلنا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران معید بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئرفورس مجھے بھرپور سپورٹ کررہا ہے، نیپال، جاپان، ایران اور دیگر کئی ممالک میں ایونٹس کھیل چکا ہوں، پاکستان کا میں ریکارڈ نیشنل چیمپین ہوں، میرا خواب اولمپکس کھیلنا ہے۔

معید بلوچ نے کہا کہ ارشد ندیم ہم سب کیلئے مشعل راہ بن چکے ہیں، یوسین بولٹ کو میں فالو کرتا ہوں، انٹرپرووینشل گیمز میں مجھے بلوچ بولٹ کا خطاب ملا تھا، پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے ایتھلیٹ نے مجھے یہ خطاب دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 سال سے دن رات محنت کررہا تھا، میری کوچ نے بھرپور محنت کی جسکا نتیجہ گولڈ میڈل ہے، کیریئر میں انجری کا بھی شکار رہا جسکو فزیوتھریپسٹ نے ٹھیک کیا۔

واضح رہے کہ معید بلوچ نے وینزویلا میں ہونے والے مقابلوں میں ملک کیلئے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل حاصل کیا ، قومی ایتھلیٹ نے چار سو میٹر گیمز میں گولڈ میڈل جبکہ 200 میٹر ریس میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں