کامیاب سرجری کے بعد بچی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نکال لیا گیا
بنگلورو: (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کے بعد بچی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نکال دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی ادیتی کو بال کھانے کی عادت تھی جس کی وجہ سے اس کے پیٹ میں بالوں کا گچھا بن گیا۔
ادیتی کے والدین گزشتہ دو سال سے بیٹی کو بھوک نہ لگنے اور بار بار الٹی آنے کی شکایت سے پریشان تھے جس کیلئے والدین نے مختلف ڈاکٹرز سے علاج بھی کرایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے بچی کے معدے کا معائنہ کیا اور معدے میں سوزش کی تشخیص کی، بعدازاں ڈاکٹر کو معلوم ہوا کہ بچی کے پیٹ میں بالوں کا گچھا موجود ہے جسے تریکوبیزوور کہا جاتا ہے۔
ڈاکٹر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتنی کم عمر میں پیٹ میں بالوں کا گچھا جمع ہونا انتہائی نایاب کیس ہے جس کیلئے بچی کے پیٹ کی سرجری کرنا لازمی تھی کیونکہ بالوں کا گچھا بہت بڑا اور چپچپا تھا اور اینڈوسکوپی کرنے کیلئے صورتحال بہت پیچیدہ تھی۔
ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ بچی کے پیٹ کی سرجری کرنے میں ڈھائی گھنٹے لگے جسے کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگر اس مرض کی تشخیص نہ کی گئی ہوتی تو بچی میں شدید غذائی قلت، خون کی کمی اور معدے سے خون بہنے کا باعث بن سکتی تھی، سرجری کے بعد بچی کی حالت بہتر ہے اور اسے مخصوص خوراک دی جا رہی ہے۔