قیدیوں کا امریکی صدر سے زیادہ خیال رکھتے ہیں، مغوی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئے: حماس

غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ جن یرغمالیوں کی لاشیں ملیں وہ اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے۔

حماس رہنما عزت الرشیق کے مطابق رفح شہرکی سرنگ میں6 مغوی اسرائیلی فضائی حملوں میں مارےگئے تھے، یرغمالیوں میں امریکی اسرائیلی اور ایک روسی اسرائیلی شہری شامل تھا۔

عزت الرشیق کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے قیدیوں کی زندگیوں کا جوبائیڈن سے زیادہ خیال رکھتے ہیں اس لیے ہم نے جنگ بندی کے لیے ان کی تجاویز اور اقوام متحدہ کی قرارداد کو قبول کیا تھا مگر نیتن یاہو نے اسے مسترد کیا۔

واضح رہے اسرائیلی فوج نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں غزہ کی ایک سرنگ سے 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اغوا کرکے یرغمال بنائے جانے والے ایک امریکی شہری سمیت 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ گولڈ برگ پولن امریکی شہری تھے اور ان کی لاش ملنے پر میں "غمناک اور غصے میں ہوں، حماس کے رہنما ان جرائم کی قیمت ادا کریں گے"۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں