عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کے کیس میں ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

سندھ ہائیکورٹ نے متعلقہ ایس ایس پی کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے اور آئندہ سماعت پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن کی عدالت میں پیشی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے ایک لاکھ روپے کے عوض قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں، ہر کیس میں واٹر کارپوریشن کے افسران کا یہی طریقہ ہے، کیسز 4 سال سے زیر التوا ہیں، ان معاملات کو اب تک کیوں حل نہیں کیا گیا؟

بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ حسن اکبر پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 16ستمبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں